امریکہ: تین گولڈ میڈل جیتنے والی پاکستانی طالبہ ندا جمالی کون ہیں؟

012720205

پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع بدین کی رہائشی 15 سالہ ندا جمالی جب امریکہ کے لیے روانہ ہوئی تھیں تو ان کی شناخت ایک ذہین طالبہ کی تھی۔ لیکن صرف چار ماہ کی تربیت میں انھوں نے ریسلنگ میں تین گولڈ میڈل حاصل کر کے اپنی ایک نئی شناخت اور مقام بنا لیا۔

ندا جمالی نے امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا میں 116 پاؤنڈ کی کیٹگری کی وومین ریسلنگ میں یہ گولڈ میڈل حاصل کیے۔امریکہ میں طلبہ کی فیلوشپ ’یس (یوتھ ایکسچینج اینڈ سٹڈی) پروگرام‘ کے تحت وہاں جانے والی ندا ایک سال کے لیے ریاست کیلیفورنیا کے شہر یوبا کے ہائی سکول میں زیر تعلیم ہیں۔ندا جمالی پاکستان کے ان 77 طالبعلموں میں شامل ہیں جن کا 6500 درخواست گزاروں میں سے اس فیلوشپ کے لیے انتخاب کیا گیا تھا۔ندا جمالی کی والدہ ڈاکٹر زید جمالی نے بتایا کہ ندا بچپن سے جوڈو کراٹے کی کلاسیں لیتی تھیں لیکن ریسلنگ کی کوئی پریکٹس نہیں تھی اور جوڈو کی یہ کلاسیں بھی کچھ عرصے میں معطل ہو گئیں کیونکہ انسٹرکٹر وہاں سے چلا گیا تھا۔

’ندا واحد لڑکی تھی جو جوڈو سیکھتی تھی۔ میں نے خود بھی جوڈو سیکھا تھا، میرے والد میری حوصلہ افزائی کرتے تھے تو میں نے بھی اپنے بچوں کو فزیکل سپورٹس میں سپورٹ کیا۔‘ڈاکٹر زید کا کہنا ہے کہ یہاں دیہی سماج میں ریسلنگ سیکھنا تو ممکن ہی نہیں تھا لیکن ندا کو بچپن سے ہی شوق تھا۔ندا جمالی انڈین اداکار عامر خان کی ریسلنگ پر مبنی فلم دنگل سے بھی متاثر ہیں.’یہ شوق اس میں کیسے آیا اور وہ کس سے متاثر ہوئی، مجھے معلوم نہیں ہے کیونکہ میں نے اس کو کبھی ٹی وی یا انٹرنیٹ پر ریسلنگ دیکھتے ہوئے نہیں دیکھا تھا۔‘

انھوں نے مزید بتایا ’ندا خاموش طبیعت کی مالک لڑکی ہے، جھگڑالو نہیں ہے جو ہم سجھیں کہ اس لیے ہو سکتا ہے کہ ریسلنگ میں گئی ہو۔ جب وہ امریکہ جارہی تھی تو میں نے اس سے کہا تھا کہ تمھیں ریسلنگ کا شوق ہے اگر موقع ملے تو ریسلنگ میں حصہ لینا اور اس نے ایسا ہی کیا۔‘اگست میں امریکہ پہچنے والی ندا جمالی کہتی ہیں کہ ریسلنگ امریکہ میں موسم سرما کا کھیل ہے اور اسی ماہ انھوں نے اپنی تیاری شروع کی اور اس کے بعد نومبر سے مقابلوں کا آغاز ہوا۔’مجھے بچپن سے ریسلنگ کا شوق تھا لیکن امریکہ آنے سے قبل میں نے کوئی تربیت حاصل نہیں کی تھی۔ ہماری روزانہ ایک گھنٹہ ویٹ لفٹنگ اور دو گھنٹے کی ریسلنگ کی پریکٹس ہوتی ہے۔‘

ندا جمالی کا کہنا ہے کہ انھیں یقین نہیں تھا کہ وہ تین گولڈ میڈل حاصل کر لیں گی۔ اس کی وجہ وہ بتاتی ہیں کہ نئے ریسلر کے پاس تجربہ ہوتا ہے اور نہ ہی وہ اتنے ماہر ہوتے ہیں۔’میں نے جن سے ریسلنگ کی وہ بچپن سے ریسلنگ کر رہے ہیں یعنی سات آٹھ سالوں سے لیکن میں محنت اور کوچنگ کی بدولت کامیاب ہو گئی۔‘انھوں نے بتایا کہ بچپن سے وہ کھیلوں میں دلچسپی رکھتی تھیں لیکن ایسا کوئی واقعہ یاد نہیں ہے کہ کسی سے لڑائی ہوئی اور جس نے انھیں ریسلنگ کی طرف مائل کیا ہو۔

ندا جمالی انڈین اداکار عامر خان کی ریسلنگ پر مبنی فلم دنگل سے بھی متاثر ہیں۔ندا جمالی نے امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا میں 116 پاؤنڈ کی کیٹگری کی وومین ریسلنگ میں گولڈ میڈل حاصل کیے ہیں.وہ کہتی ہیں کہ گیتا کماری کی جو کہانی اور جدوجہد ہے وہ دنیا کی ہر گرل ریسلر کے لیے باعث کشش اور سبق آموز ہے۔ڈبیلو ڈبلیو ای کے نامور ریسلرز ڈوین جانسن المعروف راک اور جان سینا ندا جمالی کے پسندیدہ ریسلرز ہیں، لیکن وہ راک کی ذاتی زندگی اور جدوجہد سے زیادہ متاثر ہیں۔ندا کا کہنا ہے کہ انھوں نے کبھی راک یا جان سینا کا داؤ پیچ استعمال نہیں کیا۔

امریکہ میں ریسلر اپنے اپنے ریجن میں کوالیفائی کرتے ہیں وہاں سے اگلے درجے میں جاتے ہیں جس کے بعد وہ دیگر ریاستوں میں ریسلنگ کرتے ہیں۔اس پورے عمل میں کئی سال لگ جاتے ہیں لیکن ندا جمالی کے پاس محدود وقت ہے کیونکہ وہ ایک سال کی فیلوشپ پر ہیں۔انھوں نے کہا کہ یہ حقیقیت ہے کہ اگر وہ امریکہ نہ آتیں تو ریسلنگ کا یہ موقع نہیں ملتا۔

’پاکستان میں وومین ریسلنگ عام کھیل نہیں ہے تاہم پنجاب میں وومین ریسلنگ کے کچھ مواقع ہیں، سندھ میں میں نے کبھی وومین ریسلنگ اکیڈمی یا فیمیل ٹورنامنٹ کے بارے میں نہیں سنا ہے۔ ریسلنگ صرف یہ نہیں ہے کہ آپ مضبوط ہیں بلکہ یہ آپ کی شخصیت کے دیگر پہلووں کو اجاگر کرتی ہے۔ ‘

ندا جمالی کی ریسلنگ ٹیم نے ریسلنگ ہیمر بھی جیتا ہے جو پورا سال اس ٹیم کے پاس ٹرافی کے طور پر رہے گا۔ندا جمالی سائنس دان بننے کا ارادہ رکھتی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ سائنس اور فزیکل سپورٹس دونوں کو ساتھ لے کر چل سکتی ہیں کیونکہ وہ دونوں سے لطف اندوز ہوتی ہیں اس لیے دونوں میں سے کسی ایک کا انتخاب نہیں کر سکتیں۔