ریاض سے ابو ظبی773 کلومیٹر (481میل) کا سفر صرف 48 منٹ میں طے ہوسکے گا

سعودی عرب میں مسافروں اور ان کے سامان کی ترسیل کے لیے انتہائی جدید سروس متعارف کرا نے کا معاہدہ کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت نقل و حمل کی جانب سے ’ورجن ہائپر لوپ ون‘ کمپنی کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔ہائپر لوپ ٹیکنالوجی کے ذریعے مسافر بہت کم وقت میں اپنی منزل تک پہنچ سکیں گے۔

وزارت نقل و حمل کی جانب سے ’ورجن ہائپر لوپ کمپنی ‘کو سعودی عرب میں مسافروں اور سامان کی ترسیل کے لیے ہائپر لوپ ٹیکنالوجی کے استعمال کا جائزہ تیار کرنے کا ٹھیکہ دیا گیا ہے۔

وزارت نقل و حمل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ ٹرانسپورٹ کے جدید سسٹم کو متعارف کرانے اور جدید ٹیکنالوجی لانے کی منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا ہے۔اس حوالے سے مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ معاہدے کے مطابق سعودی عرب اور ’ورجن ہائپر لوپ ون ‘ کمپنی ہائپر لوپ ٹیکنالوجی اورسائنس کے شعبے میں مشترکہ ریسرچ کریں گے۔

ہائپر لوپ ٹیکنالوجی کی بدولت ریاض اور ابوظبی کا سفر 48 منٹ میں طے ہوگا جبکہ ریاض اور جدہ کا سفر 46 منٹ، ریاض اور القدیہ کا سفر 5 منٹ اور جدہ سے نیوم کا سفر صرف 40 منٹ میں طے ہوجائے گا۔