وزیراعظم کی اشیائے خوردونوش سستے نرخوں پر فراہم کرنے کی ہدایات

وزیراعظم عمران خان نے اشیائے خوردونوش سستے نرخوں پر فراہم کرنے کی واضح ہدایات کردیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خٓن کی زیر صدارت اجلاس ہوا، قیمتوں میں کمی کے حوالے سے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آٹا، گھی، چینی، چاول اور دالوں کی قیمتیں کم کی جائیں گی۔وزیراعظم کا کہنا تھا عوام کو ریلیف دینے کے لیے کچھ بھی کرنا پڑا کروں گا اور کہا ہے کہ قیمتوں میں کمی کے لیے کسی بھی حدتک جائیں گے، جن لوگوں میں راشن خریدنے کی سکت نہیں انہیں راشن فراہم کریں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے معاشرے کے نادار طبقات کو سماجی تحفظ دے کر پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے نصب العین کے ساتھ پناہ گاہ اقدام کے دائرہ کار کو ملک بھر میں توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے یہ اعلان اسلام آباد میں پناہ گاہ کے بارے میں نئے مقرر کئے گئے فوکل پرسن نسیم الرحمن کے ساتھ ایک ملاقات میں کیا۔انہوں نے پناہ گاہوں کی انتظامیہ اور اگلے ایک سال کے دوران منصوبے کو توسیع دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم دفتر کے ایک بیان کے مطابق طویل جامع پروگرام ملک بھر کے تمام بڑے شہروں میں شروع کیا جائے گا جس کے تحت پناہ گاہوں کے منصوبے کو توسیع دی جائے گی۔فوکل پرسن کا دفتر/غیرسرکاری اور شہری تنظیموں، نجی شعبے اور مخیر حضرات کے ساتھ کثیرالجہتی شراکت داری کے قیام میں مدد دے گا۔