سمندری طوفان ‘کیارا’ برطانوی ساحل سے ٹکرا گیا، معمولات زندگی شدید متاثر
بحراوقیانوس میں اٹھنے والا سمندری طوفان کیارا برطانوی ساحل سے ٹکرا گیا جس کے باعث متعدد پروازیں منسوخ اور ٹرانسپورٹ کا نظام شدید متاثر ہوا ہے۔برطانیہ کے شمالی علاقوں میں 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے متعددرخت جڑوں سے اُکھاڑ دیے جس کے باعث ٹریفک کی آمدورفت بند ہوگئی۔طوفان کی وجہ مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جب کہ 200 سے زیادہ پروازیں منسوخ اور سیکڑوں ملتوی کردی گئیں۔
دبئی ائیرپورٹ سے بھی یورپ اور برطانیہ کے لیے کئی پروازیں منسوخ کی جاچکی ہیں۔خراب موسم کے باعث شمالی انگلینڈ میں 140 سے زائڈ ٹرینیں منسوخ کردی گئیں ہیں جب کہ ٹرینوں کی رفتار میں غیر معمولی کمی کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے اور حکام کی جانب سے عوام اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتہائی ضرورت پڑنے پر ریل کا سفر کریں۔برطانوی میڈیا کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے متعدد وارننگ جاری کی گئی ہیں اور شہریوں سے احتیاط کرنے کی اپیل کی گئی ہے جب کہ متعدد علاقوں میں تیز بارش کے باعث دریا کی سطح بلند ہونے سے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے اسکاٹ لینڈ اور ویلز کے سب سے زیادہ متاثر ہونے کی پیش گوئی کی ہے اور ایک دن میں ایک ماہ کی بارش کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ برطانیہ کا شمال مغربی علاقہ طوفان سے شدید متاثر ہوا ہے، سیلفورڈ، بولٹن، راچڈیل، اولڈہم کے کئی علاقوں میں سڑکیں سیلاب کے باعث بند کردی گئی ہیں جب کہ ایم سکسٹی مڈلٹن جنکشن سیلاب کے باعث ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
موسلا دھار بارشوں کے باعث بعض نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا بھی سامنا ہے اور نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے جب کہ بہت بڑی آبادی کو بجلی کی عدم فراہمی کے خدشے کا سامنا ہے۔