سفاری پارک کراچی میں ہرن کے 11 بچوں کی پیدائش
سفاری پارک کراچی میں مختلف نسل کے ہرن کے 11 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔ڈائریکٹر سفاری پارک کراچی کنور ایوب نے بتایا کہ چتال کے دو، بلیک بک کا ایک، موفلون کے 3، جیمس بک اوریکس کا ایک اور آئی بیکس کے 4 بچے پیدا ہوئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ اوریکس اور آئی بیکس ہرن کی ناپید ہونیوالی اقسام ہیں۔
کنور ایوب نے تصدیق کی کہ ہرن کے 11 بچوں کی پیدائش ایک ماہ کے دوران ہوئی، انتظامیہ نے تمام بچوں کو محفوظ رکھا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہرن کے بچوں کی پیدائش کچھ روز بعد منظر عام پر لانا طے شدہ طریقہ کار ہے، ہماری پہلی ترجیح نومولود کی دیکھ بھال اور بہتر طریقے سے نگہداشت کرنا ہے۔
سفاری پارک ڈائریکٹر نے بتایا کہ ہرن کے تمام بچوں کی صحت مستحکم ہے، ویٹرنری ڈاکٹرز کی ٹیم کئی بار دورہ کرکے ہرن کے بچوں کی طبی جانچ کرچکی ہے۔