خام تیل کی قیمت میں ایک ہی دن میں مزید کمی، نئی قیمت ڈھائی سال کی کم ترین سطح پر آگئی
نیو یارک : خام تیل کی قیمت میں ایک ہی دن میں مزید کمی، ڈھائی سال کی کم ترین سطح پر آگئی، عالمی منڈی میں امریکی خام تیل کی قیمت 8 فیصد کمی کے بعد 41.77 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 8.5 فیصد کمی کے بعد 45.70 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی۔ تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاو کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے کمی ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔یہ سلسلہ جمعہ کے روز بھی برقرار رہا اور یوں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں ڈھائی سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہیں۔
عالمی منڈی میں امریکی خام تیل کی قیمت میں 8 فیصد جبکہ برینٹ کروڈ آئل کی قیمت میں ساڑھے فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ یوں اس وقت امریکی خام تیل کی قیمت 41.77 ڈالر فی بیرل جبکہ برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 45.70 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ کر رہی ہے۔بتایا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد اوپیک ممالک نے صورتحال کو قابو کرنے کیلئے غور شروع کر دیا ہے۔ مسلسل گرتی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے مارکیٹ میں تیل کی سپلائی کو کم کیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا جا سکا۔
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی گرتی قیمتیں سعودی عرب اور دیگر تیل پیدا کرنے والے ممالک کیلئے تو تشویش ناک صورتحال ہے، تاہم پاکستان جیسے ممالک جو اپنی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے عالمی مارکیٹ سے پیٹرولیم مصنوعات خریدنے پر مجبور ہیں، ایسے ممالک کی معیشت کیلئے خام تیل کی گرتی قیمتیں اچھی خبر ہے۔عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستان میں مارچ کے ماہ کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے، جبکہ اگلے ماہ اپریل میں بھی مزید کمی کیے جانے کا امکان ہے۔