پاکستان میں متاثرین 1370 سے زائد، پنجاب میں سندھ سے زیادہ مریض 

032820204

پاکستان میں کورونا کے متاثرین کی تعداد 1375 ہو گئی ہے جبکہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں نماز جمعہ کے عوامی اجتماعات پر پابندی لگاتے ہوئے جمعے کو لوگوں سے گھروں میں نماز پڑھنے کا کہا گیا ہے۔ کورونا کی وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں سختی کر دی گئی ہے۔پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1375 ہو گئی ہے جبکہ 490 مصدقہ متاثرین کے ساتھ پنجاب پہلی بار ملک میں سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ بن گیا ہے.پاکستان میں ہلاکتوں کی تعداد 11 ہے جن میں سے پانچ کا تعلق پنجاب، تین کا خیبر پختونخوا جبکہ ایک، ایک مریض سندھ، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں ہلاک ہوا ہے تاہم 25 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں

ملک کے چاروں صوبوں کے علاوہ دارالحکومت اسلام آباد، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں بھی مکمل یا جزوی لاک ڈاؤن ہے جبکہ ملک بھر میں فوج بھی تعینات ہے.پاکستان کی حکومت نے چار اپریل تک ملک میں بین الاقوامی فضائی آپریشن معطل کر دیا ہے جبکہ ملک بھر میں ٹرین آپریشن بھی 31 مارچ تک بند کر دیا گیا ہے.عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے لیے بالترتیب 35 کروڑ اور 23 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان میں کووڈ-19 کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور جمعے کو مزید 175 متاثرین کے سامنے آنے کے بعد ملک میں ان کی مجموعی تعداد 1375 ہو گئی ہے۔جمعے کو مزید دو افراد کی اس وبا سے ہلاکت کے بعد ملک میں اب تک 11 افراد اس سے ہلاک بھی ہوئے ہیں جن میں سے پانچ کا تعلق پنجاب، تین کا خیبر پختونخوا سے ہے جبکہ سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں ایک ایک شخص اس کا شکار ہوا ہے۔جمعے کو صوبہ پنجاب نئے مریضوں کے لحاظ سے سب سے آگے رہا جہاں 82 نئے مریض سامنے آئے اور جمعہ کو نصف شب وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے ٹوئٹر کے ذریعے آگاہ کیا کہ صوبے میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد بڑھ کر 490 ہو چکی ہے۔

فیصل آباد میں کورونا وائرس کا ایک 22 سالہ مریض دم توڑ گیا ہے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ میں کورونا کے 207 مصدقہ متاثرین موجود ہیں جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں متاثرین کی تعداد 115 ہے۔اس کے علاوہ ملتان میں 46، گجرات میں 48، گوجرانوالہ میں نو، جہلم میں 19، راولپنڈی میں 14 ، فیصل آباد میں 10، ملتان میں تین، ڈیرہ غازی خان میں پانچ، منڈی بہاؤ الدین میں تین، سرگودھا، ننکانہ صاحب اور میانوالی میں دو، دو جبکہ ناروال، رحیم یار خان، اٹک بہاولنگر اور خوشاب میں کورونا کا ایک، ایک مصدقہ متاثرین ہیں۔پنجاب کے علاوہ جمعے کو خیبر پختونخوا میں بھی 57 نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد وہاں اب 180 متاثرین موجود ہیں۔

حکام کے مطابق مردان میں مریضوں کی تعداد بڑھ کر 79 تک جا پہنچی ہے،۔ بونیر اور مانسہرہ میں پانچ پانچ مریض ہیں جبکہ چارسدہ، دیر اپر، سوات میں یہ تعداد دو دو ہے۔ جنوبی وزیرستان، کرک اور ملاکنڈ میں ایک ایک مریض موجود ہے۔ نوشہرہ میں تین مریض، صوابی میں چار، پشاور میں 18 جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان کے قرنطینہ میں 55 مریض ہیں۔سندھ میں 19 نئے مریض سامنے آنے کے بعد وہاں متاثرین کی کل تعداد 440 ہو گئی جبکہ بلوچستان میں دو مریضوں کے اضافے کے بعد وہاں اب 133 متاثرین ہیں۔ گلگت بلتستان میں حکام کے مطابق 11 نئے مریضوں کے بعد کل تعداد 103 ہو گئی ہے جبکہ اسلام آباد میں 27 اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں دو مریض موجود ہیں۔